اگر آپ سبز چائے پینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا روزانہ استعمال بلڈ شوگر کی سطح کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز چائے پینے کی عادت سے بلڈ شوگر کی سطح کم ہوتی ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ اس مشروب کے استعمال سے معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
اس سے پہلے تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سبز چائے کا استعمال نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرتا ہے اور شریانوں کے افعال بہتر کرتا ہے، جس سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اسی طرح یہ گرم مشروب جسمانی ورم کو بھی کم کرتا ہے اور نئی تحقیق میں اسے طویل المعیاد بنیادوں پر بہتر صحت کے لیے بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اس تحقیق میں 40 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 20 میٹا بولک سینڈروم کے شکار تھے جبکہ باقی صحت مند تھے۔
میٹابولک سینڈروم بلڈ کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر اور ہائی بلڈ شوگر جیسے امراض کے مجموعے کو کہا جاتا ہے، جس سے امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ان افراد کو سبز چائے کا ایکسٹریکٹ 28 دن تک استعمال کرایا گیا اور پھر ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ لگ بھگ ایک ماہ تک سبز چائے کے استعمال سے تمام افراد کا بلڈ شوگر لیول گھٹ گیا جبکہ معدے کے ورم میں بھی کمی آئی۔
تحقیق میں رضاکاروں کو ایکسٹریکٹ استعمال کرایا گیا تھا مگر محققین کا کہنا تھا کہ روزانہ 5 کپ سبز چائے پینے سے یہ فائدہ ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ سبز چائے میں کافی یا سیاہ چائے کے مقابلے میں کیفین کی مقدار کم ہوتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل کرنٹ ڈویلپمنٹس ان نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔