نیند ہماری زندگی کے لیے بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ اس سے صحت پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
طبی ماہرین کی جانب سے بالغ افراد کو ہر رات کم از کم 7 گھنٹے کی نیند کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
مگر ہر فرد اتنے گھنٹے کی نیند کو یقینی نہیں بنا پاتا جس کے باعث بتدریج صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر فرد کے لیے نیند کا دورانیہ مختلف اثرات مرتب کرتا ہے تو نیند کی کمی کا اندازہ کیسے لگایا جائے۔
اچھی بات یہ ہے کہ چند عام علامات سے یہ جاننا آسان ہو جاتا ہے کہ آپ نیند کی کمی کے شکار تو نہیں۔
امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے ان 10 علامات کے بارے میں بتایا۔
1۔ اگر آپ کو بستر پر لیٹنے کے بعد سونے میں 30 منٹ یا اس سے زائد وقت لگتا ہے تو یہ ناکافی نیند کا اشارہ ہوسکتا ہے۔
2۔ ایک اور علامت خوابوں کا یاد نہ رہنا ہے۔
3۔ صبح بیدار ہونے کے بعد بھی تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے؟ تو اس کا مطلب ہے کہ نیند پوری نہیں ہوسکی۔
4۔ آپ کو زیادہ بھوک لگتی ہے خصوصاً جنک فوڈ کھانے کو دل کرتا ہے تو یہ بھی نیند کی کمی کی علامت ہے۔
5۔ آپ کی آنکھ صبح مقررہ وقت سے پہلے کھل جاتی ہے اور پھر سونا ممکن نہیں ہوتا، تو اس طرح جسم بتا رہا ہے کہ آپ نیند کی کمی کے شکار ہیں۔
6۔ رات کو نیند کے دوران ایک یا اس سے زیادہ بار جاگنا بھی ناکافی نیند کا اشارہ ہے۔
7۔ دن میں غنودگی اور تھکاوٹ کا احساس ہونا بھی نیند کی کمی کی علامت ہے۔
8۔ رات کو بستر پر لیٹنے کے بعد جاگتے رہنے اور کسی وجہ سے فکرمند رہنے سے بھی نیند متاثر ہونے کا عندیہ ملتا ہے۔
9۔ آنکھیں سوج جانا یا سرخ ہونا یا ان کے گرد سیاہ حلقے ابھرنا بھی نیند کی کمی کے بارے میں بتاتا ہے۔
10۔ اکثر غصے، انزائٹی، اداسی یا دیگر جذبات کا غلبہ رہتا ہے تو یہ بھی نیند کی کمی کی نشانی ہے۔