بھارتی شہر نوائیڈا کے ہمساگر سوسائٹی انتظامیہ نے رہائشیوں کیلئے ڈریس کوڈ متعارف کروادیا جس کے تحت مردوں کے لنگی اور خواتین کے نائٹ ڈریس پہن کر گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہمساگر سوسائٹی میں 10 جون کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے رہائشیوں کو اس پابندی سے متعلق اطلاع دی گئی۔
رہائشیوں کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹی کے اندر تمام افراد اپنے رویے اور ڈریسنگ پر خاص توجہ دیں تاکہ کسی کو آپ پر اعتراض کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے بچے آپ سےہی سیکھتے ہیں لہٰذا درخواست ہے کہ لنگی اور نائٹ ڈریس کا انتخاب گھر کے اندر تک محدود رکھیں، گھر سے باہر نکلتے ہوئے لنگی اور نائٹ ڈریس نہ پہن کر نکلیں۔
رہائشیوں پر لگائی گئی اس پابندی سے متعلق ویلفیئر ایسوسی ایشن سوسائٹی کے صدر سی کے کلرا کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے، اگر عورتیں سوسائٹی میں نائٹ ڈریس پہن کر گھومیں گی تو مرد مناسب نہیں سمجھیں گے اسی طرح مرد اگر لنگی پہن کر گھومیں گے تو عورتوں کو مناسب نہیں لگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے ہم سب کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، ساتھ ہی کسی کیلئے بھی تکلیف کا باعث نہیں بننا چاہیے۔