سمندری طوفان بپرجوائے کے باعث ممکنہ تباہی کے خدشے کے پیش نظر بھارتی گجرات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے ساحلی علاقوں سے 74 ہزار سے زائد افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کردی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سمندری طوفان کے آج شام ضلع کچ میں داخل ہونے کا امکان ہے جب کہ ریاست گجرات کے کئی علاقوں میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے گجرات کے ساحل سے 200 کلو میٹر دور ہے جو پاکستانی کے ساحلی علاقوں سے ہوتا ہوا شام 4 سے رات 8 بجے کے درمیان سوراشترا اور کچ کے اضلاع کو کراس کرے گا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے طوفان کو انتہائی طاقتوراورکیٹیگری تھری کا طوفان قراردیا ہے جس کے باعث آج دوپہر 115 سے 125 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی 18، اسٹیٹ ڈیزاسٹر فورس کی 12، اسٹیٹ روڈ اینڈ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی 115 اور اسٹیٹ الیکٹرسٹی ڈیپارٹمنٹ کی 397 ٹیموں کو ساحلی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
بھارتی وزارت دفاع کے مطاق فوج، بحریہ اور ائیرفورس سمیت تمام فورسز نے گجرات میں شہریوں کو ضروری امداد کی فراہمی کے لیے تیاری مکمل کررکھی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ماہی گیروں کو 16 جون تک کھلے سمندر میں جانے سے روکتے ہوئے پورٹس کو بند کردیا گیا ہے جب کہ حفاظتی اقدامات کے تحت 76 ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔