اسرائیل سے تنازع کے تصفیے کیلیے فلسطین کی حمایت کریں گے، چین

 بیجنگ: چین اور فلسطین کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کرنے پر اتفاق ہوگیا جس کی تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔



عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس چین کے 5 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔عظیم ہال آف دی پیپلز کے استقبالیہ تقریب میں شرکت کی اور یادداشت پر دستخط کیے۔

ملاقات کے دوران چین کے صدر شی جنپنگ نے اپنے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ اسرائیل سے تنازع کے جلد، منصفانہ اور دیرپا تصفیے کے لیے فلسطین کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اس موقع پر صدر شی جنپنگ نے فلسطین کے ساتھ تمام شعبوں میں دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔


چینی صدر شی نے مزید کہا کہ آج ہم مشترکہ طور پر چین-فلسطین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان کریں گے جو دو طرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک پریس بریفنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے فلسطینی رہنما عباس کو چینی عوام کے پرانا اور اچھا دوست قرار دیا تھا۔

اس سے قبل چین کے صدر نے دسمبر میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی تھی اور مسئلہ فلسطین کے جلد، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کام کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

Previous Post Next Post