رہائش کے لیے دنیا کے بہترین شہر کونسے ہیں؟

 کیا آپ کو معلوم ہے کہ رہائش کے لیے دنیا کا بہترین شہر کونسا ہے؟



اگر نہیں تو جان لیں کہ یہ یورپی ملک آسٹریا کا دارالحکومت ویانا ہے جسے مسلسل دوسرے سال دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔


اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے 2023 کے لیے دنیا بھر میں رہائش کے لیے بہترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔

ویا کو اس کے مستحکم انفرا اسٹرکچر، ثقافت، تعلیم، طبی سروسز اور تفریح کے ذرائع کے باعث دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر قرار دیا گیا۔


ویانا کے بعد دوسرے نمبر پر یورپی ملک ڈنمارک کا شہر کوپن ہیگن موجود ہے۔

آسٹریلیا کے 2 شہر میلبرن اور سڈنی بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔


کینیڈا کا شہر وینکوور 5 ویں، سوئس شہر زیورخ چھٹے اور کینیڈین شہر کیلگری 7 ویں نمبر پر رہا۔


سوئٹزر لینڈ کے جنیوا کو 8 واں بہترین شہر قرار دیا گیا جس کے بعد 9 ویں نمبر پر کینیڈا کا شہر ٹورنٹو موجود ہے جبکہ ٹاپ 10 میں ایشیا کا صرف ایک شہر شامل ہے جو جاپانی شہر اوساکا ہے۔


اس فہرست میں پاکستان کا ایک ہی شہر شامل ہے اور وہ کراچی ہے، جو 173 میں سے 169 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال کراچی کے حصے میں 168 واں نمبر آیا تھا، یعنی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔


اگر رہائش کے لیے سب سے غیر موزوں شہروں کی بات کی جائے تو شام کا شہر دمشق 173 ویں نمبر پر ہے جس کے بعد لیبیا کا شہر تریپولی (172)، الجزائر (171) اور نائیجرین شہر لاگوس (170) آخری نمبر پر کھڑے ہیں۔


رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کے متعدد شہروں میں مہنگائی میں اضافے کے باعث حالات کچھ حد تک خراب ہوئے ہیں اور کچھ شہروں میں جرائم کی شرح بڑھی ہے۔

Previous Post Next Post