ایپل نے آئی فونز کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17 متعارف کرا دیا ہے۔
کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر آئی او ایس 17 کا اعلان کیا گیا۔
یہ نیا آپریٹنگ سسٹم ستمبر میں مختلف آئی فون ماڈلز کو دستیاب ہوگا۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے آئی فونز فیس ٹائم کال کے دوران ویڈیو وائس میل بھیج سکیں گے۔
اسی طرح ایک نیا فیچر نیم ڈراپ متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی مدد سے صارفین قریب موجود 2 آئی فونز کے ساتھ کانٹیکٹ کی تفصیلات شیئر کر سکیں گے۔
آئی او ایس 17 میں ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri کے استعمال کا طریقہ کار بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔
اب hey siri کہنے کی بجائے صرف siri کہہ کر ڈیجیٹل اسسٹنٹ کو متحرک کرنا ممکن ہو جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے نئے آپریٹنگ سسٹم میں آٹو کریکٹ الگورتھم کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ کانٹیکٹ پوسٹر کے نام سے بھی ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی مدد سے پروفائل پکچرز اور دیگر چیزوں کی مدد سے کانٹیکٹ پوسٹرز تیار کیے جاسکیں گے۔
آئی او ایس 17 میں اسٹینڈ بائی موڈ اور نئی جرنل ایپ کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔
اسٹینڈ بائی موڈ سے سرہانے رکھے آئی فون پر امیجز، کیلنڈر، کلاک اور دیگر کو ڈیوائس چھوئے بغیر دیکھنا ممکن ہوگا۔
یہ نیا آپریٹنگ سسٹم بیٹا (beta) ورژن میں ڈویلپرز کو دستیاب ہے جبکہ عوام کو اس تک رسائی کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔