تھرل، سسپینس، فکشن اور کرائم سے بھرپور بھارت کا مایہ ناز ڈرامہ سی آئی ڈی میں اہم کردار اداکار کرنے والے انسپکٹر وویک (اصل نام وویک مشرو) کے بارے میں جان کر مداحوں کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔
وویک مشرو نے یوں تو کئی ڈراموں اور شوز میں معاون کردار نبھائے ہیں لیکن انہیں پذیرائی کرائم شو سی آئی ڈی سے ملی جس کی اکثر اقساط میں ان کی موجودگی یقینی ہوتی تھی۔
تاہم حال ہی میں سابق اداکار کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے دیکھ کر مداح حیران ہی رہ گئے۔
وویک مشرو اداکاری کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور اب وہ بنگلور کی سی ایم آر یونیورسٹی میں 'پروفیسر' ہیں۔
یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو کئی صارفین اور وویک کے شاگردوں نے ان کے ہمراہ تصاویر پوسٹ کیں۔
ایک صارف نے لکھا 'میں قطعی مذاق نہیں کررہی، یہ میرے بھائی کے کالج میں پروفیسر ہیں'، جب کہ ایک اور صارف نے وویک مشرو کے ہمراہ تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کر ڈالی۔
خود سے متعلق ٹوئٹس کیے جانے پر وویک مشرو نے بھی ردعمل دیا اور ایک ٹوئٹ کا جواب دیا۔
انہوں نے لکھا 'میں نے جو کچھ بھی کام کیا ہے اس کے لیے آپ کی تعریفوں اور محبت کے لیے سب کا بہت بہت شکریہ'۔
وویک مشرو نے مزید کہا 'یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے اور میں اسے سراہتا ہوں! میں ہمیشہ آپ لوگوں کا شکر گزار رہوں گا'۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنی اداکاری ترک کرکے ویویک نے آسٹن، ٹیکساس میں گریٹ لیکس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں ڈیٹا سائنس اور بزنس اینالیٹکس میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں داخلہ لے لیا تھا۔
بعدازاں انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں میں ڈیٹا اینالسٹ اور پروفیسر کی حیثیت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سی آئی ڈی کا آغاز 1998 میں ہوا تھا جس کی پہلی قسط 21 جنوری کو نشر کی گئی۔
بعدازاں اس ڈرامے کو اتنی مقبولیت ملی کہ یہ بھارت کا سب سے طویل چلنے والا ڈرامہ بن گیا، اس ڈرامے کے مرکزی کردار اے سی پی پردیومن، دیا اور ابھیجیت تھے جنہیں بالترتیب اداکار شیواجی ستم، دیانند شیٹی اور ادیتیا شریواستو نے نبھایا۔