پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے دو ٹوک مؤقف اپنایا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں ایشیا کپ نہیں کھیل سکتا تو وہ اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے لیکن اگر ایسا ہوا تو ہم بھی ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلے گے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں پاکستان میں کھیل کر گئیں کوئی سکیورٹی ایشو نہیں بلکہ ہمیں بھارت میں سکیورٹی ایشوز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں آتی تو ورلڈکپ میچز بھی ہائبرڈ ماڈل کےتحت ہوں گے، ہائبرڈ ماڈل میں پاکستان کے ورلڈکپ کے میچز بنگلادیش میں ہونےچاہئیں، نیوٹرل وینیو ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہے، ہمیں ٹورنامنٹ کے گیٹ منی کی مد میں ملنے والے پیسوں میں حصہ چاہیے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سیاسی بنیاد پر باقی ٹیموں کوپاکستان میں کھیلنے سے روکے تو پھر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نہیں چل سکتی، بحرین میں اے سی سی اجلاس میں جےشاہ نے باقی ٹیموں سے پاکستان میں کھیلنے پر پوچھا تھا، کسی ٹیم نے بھی پاکستان میں کھیلنے پر اعتراض نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نیوٹرل وینیو دیا جائے، نہیں تو بھارت میں ہونے والا ورلڈکپ نہیں کھیلیں گے، بھارت کی برج، باسکٹ بال، بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آسکتی ہےتوکرکٹ ٹیم کیوں نہیں؟
نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکا کے اےسی سی کو لکھےجانے والے خط سےفرق نہیں پڑتا، حال ہی میں جے شاہ کے بھیجےگئے نمائندے کو ایشیاکپ کے پلان کا بتایا، انہیں ایشیا کپ کا پلان پسند آیا تھا، ہم نے تب سری لنکا کا دورہ کیا جب وہاں پر بم دھماکے ہو رہے تھے، ہم ہمیشہ سری لنکا کا دورہ کرنے کو تیار رہے ہیں، بھارت میں بھی دنگے چل رہے ہیں، مگر کرکٹ کبھی نہیں رکی۔