اپنا موبائل ڈھونڈنے کیلیے سرکاری ملازم نے21 لاکھ لیٹر پانی نکال کر ڈیم خالی کردیا

 چھتیس گڑھ: بھارت میں ایک سرکاری ملازم کا فون ڈیم میں گر گیا جسے غوطہ خور بھی نہ نکال سکا تو  تین  دن تک مسلسل موٹر چلاکر اکیس لاکھ پانی باہر پھینک دیا جس سے  پندرہ سو ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کیا جاسکتا تھا۔



بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ڈیم کے قریب سیلفی لیتے وقت سرکاری ملازم راجیش وشواس کا قیمتی موبائل گہرے پانی میں گر گیا۔ ایک لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون کی تلاش کے لیے غوطہ خور کو بھی بلایا گیا۔

غوطہ خور کی ناکامی پر سرکاری ملازم نے انوکھی ترکیب لڑائی اور  تیس ہاؤس پاور کی موٹر لگا کر تین دن تک مسلسل چلاتا رہا یہاں تک کہ ذخیرہ آب میں صرف ایک فٹ سے بھی کم پانی رہ گیا۔

سرکاری ملازم نے اکیس  لاکھ لیٹر پانی ضائع کرکے اپنا موبائل فون حاصل کرلیا اور اس کی توجیہہ یہ پیش کی کہ موبائل فون میں اہم سرکاری ریکارڈ بھی تھا اور میں نے ڈیم خالی کرنے کے لیے اپنے سینیئر سے زبانی اجازت بھی لی تھی۔

تاہم محکمے نے سرکاری ملازم کے عذر کو قبول نہ کرتے ہوئے معطل کردیا۔

Previous Post Next Post