وہ عام غلطیاں جو آپ کے اے سی کو جلد خراب کر دیتی ہیں

 درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ائیر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے۔



اب تو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہر سال ہی درجہ حرارت میں اضافے کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خود کو نقصان دہ اثرات سے بچانے کے لیے اے سی کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔


مگر اے سی بہت مہنگی مشین ہے اور اسے بار بار خریدنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کی چند عام عادات اے سی کی زندگی کو مختصر بنا سکتی ہیں؟


جی ہاں واقعی بیشتر افراد ایسی غلطیاں کرتے ہیں جو اے سی کی کارکردگی، افادیت اور حالت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔


درجہ حرارت بار بار بدلنا

اے سی سسٹم کے کام کا سب سے مشکل حصہ چلنا اور بند ہونا ہوتا ہے۔


اگر آپ تھرمو اسٹیٹ کے درجہ حرارت کی سیٹنگز کو بار بار بدلتے ہیں تو اے سی زیادہ آن آف ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں ائیر کنڈیشنر کے جلد خراب ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔


ائیر فلٹر نہ بدلنا

اے سی کے ائیر فلٹر کمرے میں داخل ہونے والی ٹھنڈی ہوا کو صاف کرنے کا کام کرتے ہیں۔


اگر ائیر فلٹر گندے یا بند ہو جائیں تو اس سے ہوا کا بہاؤ محدود ہوتا ہے اور اے سی کو کمرے کا درجہ حرارت مناسب رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔


اس سے نہ صرف بجلی کے بل میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مشین بھی خرابی ہو سکتی ہے یا اس کی زندگی مختصر ہو جاتی ہے۔


تو اے سی کے فلٹر کو ہر چند ماہ بعد بدلنا عادت بنا لیں۔


درجہ حرارت بہت کم رکھنا

اگر آپ کو لگتا ہے کہ درجہ حرارت کو کم رکھنے سے کمرے کو جلد ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے یا بجلی کے بل کی بچت ہو سکتی ہے تو جان لیں کہ ایسا نہیں ہوتا۔


درحقیقت اس عادت کے نتیجے میں اے سی سسٹم کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے جس سے بجلی کے بل میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ اس کے خراب ہونے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔


اے سی سسٹم کی مرمت کا خیال نہ رکھنا

آخری بار کب آپ نے اے سی سسٹم کو چیک کیا تھا یا کرایا تھا؟ اگر اس سوال کا جواب معلوم نہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اے سی کی مینٹینیس پر توجہ نہیں دے رہے۔


سال میں کم از کم ایک یا 2 بار اے سی کی مینٹینیس بہت ضروری ہوتی ہے، ایسا نہ کرنے سے سسٹم کے مختلف حصوں میں وقت کے ساتھ خرابیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔


ہوا کے بہاؤ کو روکنا

اگر اے سی فرنیچر، پردوں یا دیگر اشیا کے قریب موجود ہے تو اس سے ہوا کا بہاؤ متاثر ہو سکتا ہے۔


اس لیے ضروری ہے کہ اے سی کو ایسی جگہ نصب کیا جائے جہاں اس کے سامنے کوئی رکاوٹ نہ ہو، ہوا کے بہاؤ رکنے سے مشین جلد خراب ہو سکتی ہے۔


کمرے کے حجم کا خیال نہ رکھنا

موجودہ عہد کے اے سی اس وقت زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں جب انہیں نصب کرتے ہوئے کمرے یا گھر کے حجم کا خیال رکھا جائے۔


اگر ایسا اے سی نصب کر دیا جائے جس کا کولنگ لوڈ زیادہ ہو تو وہ کمرے کو فوری ٹھنڈا کرکے جلد بند ہو جاتا ہے۔


بار بار آن آف ہونے سے اے سی بہت زیادہ بجلی ضائع کرتا ہے جبکہ اس کے خراب ہونے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔


اس کے برعکس بڑے کمرے میں چھوٹا اے سی لگا دیا جائے تو اسے زیادہ سخت محنت کرنا پڑتی ہے جس سے بھی بجلی کے بل میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ وہ جلد خراب ہو جاتا ہے۔

Previous Post Next Post