ن لیگ کے اکاؤنٹ سے بیٹی کی تصویر پوسٹ ہونے پر ارمینا کے شوہر پھٹ پڑے

 پاکستانی اداکارہ ارمینا رانا خان کے شوہر فیصل رضا خان نے ٹوئٹر پر (ن) لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی تصویر پوسٹ کرنے پر پارٹی سے معافی کا مطالبہ کردیا۔



ارمینا کے شوہر کے علاوہ اداکار عثمان خالد بٹ اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے بھی (ن) لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اداکارہ کی تصویر ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


اداکارہ کے شوہر فیصل رضا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا 'ن لیگ کی قیادت، آپ اس اکاؤنٹ کے ذمہ دار ہیں، آپ نے میری اہلیہ کو ٹرول کرنے کے لیے میری نوزائیدہ بیٹی کی تصویر پوسٹ کردی، آپ لوگوں نے شرافت کی تمام حدود پار کردی ہیں،

انہوں نے لکھا 'میری بیٹی اور مجھے پاکستان کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن ایک باپ کی حیثیت سے میں اپنے بچے کی حفاظت کروں گا، اپنے اس عمل پر فوری طور پر معافی مانگیں'۔



کچھ دیگر افراد نے بھی مذکورہ تصویر فوری ڈیلیٹ کرنے کا کہا۔

یہ معاملہ کیا ہے؟

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک حامی کارکن شایان علی نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔


ویڈیو میں خاتون نے سیلفی بنانے کا کہتے ہوئے مریم نواز سے نامناسب گفتگو کی۔


اس ویڈیو پر ارمینا خان نے ردعمل دیا اور کہا 'اگر یہ پاکستان میں ہوتا تو سیلفی لینے والی خاتون ’غائب‘ ہو جاتیں، مجھے خوشی ہے کہ ہمارے برطانیہ میں ایسی آزادی ہے جہاں ہم اپنے سیاستدانوں کا محاسبہ کرتے ہیں، اگر آپ برطانوی سرزمین پر رہنے جا رہے ہیں تو یہاں ہمارے اصول ہیں، ہمارے پاس بولنے کی آزادی ہے'۔


ارمینا کی اس ٹوئٹ پر کئی صارفین نے ان پر تنقید کی اور کہا کہ یہ آزادی اظہار نہیں بلکہ کسی کی تذلیل کرنا اور گھٹیا حرکت ہے۔

Previous Post Next Post