کراچی: کورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر علاقوں میں 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ کورنگی تھانے کی حدود بنگالی پاڑے میں مسلح ملزمان نے دبئی کی رہائشی فیملی کے گھر میں لوٹ مار کی، مسلح ملزمان نے گھر کے رہائشی افراد کو یرغمال بنایا اور سونا، نقدی سمیت دیگر سامان لوٹ لیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں مصروف تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایس پی کے مطابق گھر کی پہلی منزل پر ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں ڈاکو مارے گئے، ہلاک ڈاکوئوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے، ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کرایا جائے گا، ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کورنگی تھانے کی حدود میں ڈاکوئوں سے مقابلہ کرنے والی ٹیم کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تعریفی اسناد اور پچاس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
نارتھ ناظم آباد میں بھی پولیس مقابلہ
نارتھ ناظم آباد بلاک این ڈینٹل کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈکیت مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، مقابلے کے دوران 16 سالہ راہگیر لڑکی بھی زخمی ہوگئی، ہلاک اور زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقہ مکین جمع ہوگئے جنہوں نے ہلاک و زخمی ملزم کو لاتیں گھونسے بھی مارے، پولیس نے جائے وقوعہ سے 2 ٹی ٹی پسٹل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق زخمی لڑکی بسمہ کی حالت خطرے سے باہر ہے، ہلاک ملزم کی شناخت نواب الدین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ڈکیت کی شناخت احسان اللہ کے نام سے ہوئی، دونوں ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔
کورنگی نمبر 3 میں راہگیروں سے لوٹ مار کے دوران پولیس مقابلے میں محمد اویس نامی ڈکیت زخمی ہوگیا، سہراب گوٹھ علی گڑھ سوسائٹی میں پولیس مقابلے میں سعید احمد نامی ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد فائیواسٹارچورنگی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ملزم کی شناخت احمد ولد خورشید کے نام سے کی گئی ہے، قبضے سے 1 ٹی ٹی پستول، 2 موبائل فون،ایک پرس اور 1 موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
شارع فیصل کے علاقے گلشن اقبال راشد منہاس روڈ لال فلیٹ UBL بینک کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور اس سے موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔ زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جس کی شناخت 30 سالہ رحمت اللہ ولد لیاقت حسین کے نام سے کی گئی، زخمی کی حالت تشوشناک ہے۔
نیو گولیمار فردوس کالونی لعل مسجد کےقریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے 25 سالہ ابرار عبدالمجید سے نقدی اورموبائل فون چھین لیا، مزاحمت پر گولی مارکر زخمی کردیا، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا زخمی کی ٹانگ میں ایک گولی پیوست ہوئی، حالت خطرے سے باہر ہے۔