سفارتی تعلقات کی بحالی ایران سے تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں، سعودی وزیر خارجہ

 ریاض: سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہےکہ سفارتی تعلقات بحالی کا مطلب ایران سے تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں۔



سعودی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب بات چیت کے ذریعے اختلافات حل کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کا معاہدہ مشترکہ خواہشات کا عکاس ہے۔


انہوں نے کہا کہ دو ماہ میں ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات بحال ہوجائیں گے اور  سفارتی تعلقات کی بحالی کا مطلب ایران سے تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں، ایران کی جوہری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے۔


سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ کو تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنےکے مطالبےکو دہراتے ہیں لہٰذا ایران جوہری ذمہ داریوں کو پورا کرے  اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون بڑھائے۔


فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ چین کے سعودی عرب اور ایران کے ساتھ مثبت تعلقات ہیں، اس لیے چین کی ثالثی میں معاہدہ، مشترکہ سلامتی ،تعلقات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، معاہدےکے مطابق ایرانی ہم منصب سے جلد ملاقات کا منتظر ہوں۔

Previous Post Next Post