عمران خان کی گرفتاری کیلئےپولیس زمان پارک پہنچ گئی،علاقہ میدان جنگ بن گیا

 چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری  جاری ہونےکے  بعد  اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔



پولیس کی جانب سے عمران خان کی رہائش گاہ کی جانب پیش قدمی پر اسے پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔


جواب میں پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا جارہا ہے۔


 پولیس کی بکتربندگاڑی بھی زمان پارک پر موجود ہے، ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری بھی عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک میں موجود ہیں اور اسلام آباد پولیس کی قیادت کر رہے ہیں۔

ایک پولیس اہلکار نے اپنے ہاتھ میں نوٹس کی کاپی والا پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا  تھا کہ شہرکے تمام تھانوں میں نفریاں اکٹھی کی گئی ہیں، اینٹی رائٹ یونٹ کو آنسو گیس کے شیل بھی فراہم کیےگئے ہیں، ایک ہزار سے زائد نفری کو الرٹ رہنےکا حکم دیا گیا ہے۔


ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری کا کہنا  تھا کہ ان کے پاس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری موجود ہیں جس کی تعمیل کے لیے زمان پارک آئے ہیں۔

 ایک صحافی نے سوال کیا کہ  آپ عمران خان کو گرفتار کرکےکہاں لے جائیں گے؟  اس پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہوجانے  دیں  پھر  آپ کو  بتاتے رہیں گے۔

 واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعدگزشتہ روز  اسلام آباد پولیس لاہور پہنچی، جہاں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔


اجلاس میں عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف آپشنز  اور طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائےگا۔

Previous Post Next Post