لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کی آخری مہلت، عمران خان عدالت پہنچ گئے

 لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی  وضاحت کے لیے  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  رہنما عمران خان کو  پیش ہونے کا آخری موقع دیا جس کے بعد عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے عدالت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔  



عدالت نے عمران خان کو پیش ہونے کے لیے شام 5 بجے کا وقت دیا تھا تاہم عمران خان تقریباً 5 بجکر 50 منٹ پر ہائی کورٹ پہنچے۔


قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کے لیے عمران خان کو آج 2 بجے طلب کیا تھا۔


2 بجےکیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ 2 بجےکا وقت تھا،کہاں ہیں عمران خان؟عمران خان کے وکلا نے بتایا کہ وہ راستے میں ہیں،کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، سکیورٹی کا مسئلہ ہے۔


جسٹس طارق سلیم شیخ نےکہا کہ سکیورٹی کا مسئلہ میں نے حل نہیں کرنا، سماعت کچھ دیرکے لیے ملتوی کر رہے ہیں، عدالت میں رش بھی کم کریں۔


وقفےکے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست ان کے دستخط سےفائل نہیں ہوئی تھی۔


عدالت نےکہا کہ اگر عمران خان نے  یہ درخواست دائر نہیں کی تو واپس کیسے لے سکتے ہیں؟ یہ نہیں ہوتا کہ سماعت تھوڑی  تھوڑی دیر بعد ملتوی ہوتی رہے۔


وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ درخواست خارج کر دیں، اس پر  عدالت نے کہا کہ سماعت پھر بھی چلےگی، آپ کا رویہ معذرت  خواہانہ ہونا چاہیے تھا، میں آپ کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوں گا جواب تیارکرتے رہیں۔

Previous Post Next Post