شاہ رخ خان کی اپنی پہلی 'ہیروئن' رینوکا سہانے سے ٹوئٹر پر کی گئی گفتگو وائرل

 بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور اداکارہ رینوکا سہانے کے درمیان ٹوئٹر پر ہوئی دلچسپ بات چیت وائرل ہورہی ہے جس پر مداح بھی تبصرے کررہے ہیں۔

حال ہی میں بالی وڈ کو بلاک بسٹر فلم دینے والے شاہ رخ ان دنوں پٹھان کی کامیابی کی داد سمیٹ رہے ہیں، ایسے میں وہ ٹوئٹر پر بھی خوب متحرک ہیں، چند دن پہلے اداکار نے سوال و جواب کا بھی سیشن رکھا جس میں دنیا بھر سے لوگوں نے ان سے سوالات پوچھے۔



اب رینوکا سہانے نے اپنے شوہر اداکار و رائٹر آشوتوش رانا کے ہمراہ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کیں اور لکھا 'آخر کار میں کرنل لتھرا کے ہمراہ پٹھان فلم دیکھنے جارہی ہوں، موسم بالکل ٹھیک ہے، کرسی کی پیٹی باندھ لی ہے'۔

شاہ رخ خان نے رینوکا کی ٹوئٹ پر جواب دیا کہ 'لتھرا جی (آشوتوش) کو بتایا آپ نے کہ آپ میری پہلی ہیروئن ہیں یا ہمیں یہ خفیہ راز رکھنا چاہیے؟ ورنہ وہ مجھے ایجنسی سے نکال دیں گے'۔


اداکارہ نے شاہ رخ کی ٹوئٹ کا جواب دیا اور قہقہہ لگاتے ہوئے کہا 'ان سے کوئی بات چھپتی کہاں ہے؟ آپ ہی نے انہیں انتریامی کہا ہے اور چاہے جو ہوجائے، وہ آپ کو فائر نہیں کرسکتے کیونکہ جو کام آپ کرتے ہیں وہ کوئی اور نہیں کرتا'۔

آشوتوش رانا نے فلم پٹھان میں اہم کردار نبھایا ہے، انہوں نے کرنل لتھرا کا کردار نبھایا ہے جو بھارتی ایجنسی را کے جوائنٹ سیکرٹری ہوتے ہیں۔


واضح رہے کہ 1989 کی ٹی وی سیریز 'سرکس' میں رینوکا سہانے شاہ رخ خان کی ہیروئن تھیں۔

Previous Post Next Post