سورج کی روشنی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری پر تیزی سے کام ہو رہا ہے مگر اب تک ایسی گاڑی تیار نہیں ہوسکی جو صرف سولر انرجی پر چل سکے۔
مگر 3 پہیوں کی یہ نئی گاڑی سولر انرجی پر چلتی ہے اور متعدل استعمال پر اسے کبھی بجلی سے چارج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ایپٹیرا موٹرز کمپنی کی لانچ ایڈیشن گاڑی سورج کی روشنی سے روزانہ 40 میل کا سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کسی اسپیس شپ کی طرح نظر آنے والی اس گاڑی کے 34 اسکوائر فٹ حصے پر سولر پینلز نصب ہیں جو ڈرائیونگ کے دوران 700 واٹ بجلی تیار کرسکتے ہیں۔
کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ یہ گاڑی کئی ہفتوں بلکہ مہینوں تک بجلی سے چارج کیے بغیر چل سکے گی۔
گاڑی کو بجلی سے چلانے کے لیے بھی بیٹری دی گئی ہے جو سنگل چارج پر 400 میل تک سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔
کمپنی کے مطابق وقت کے ساتھ گاڑی کی بیٹری کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور وہ سنگل چارج پر ایک ہزار میل تک سفر کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔
اس گاڑی کو کسی بھی عام پاور ساکٹ سے چارج کیا جا سکتا ہے جبکہ ایک گھنٹے چارجنگ سے 13 میل کا سفر کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ 'نیور چارج ٹیکنالوجی' کی بدولت گاڑی کو سورج کی روشنی سے چلایا جا سکتا ہے جبکہ بیٹری تک سولر انرجی کو پہنچانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
اس گاڑی کو زیادہ سے زیادہ 101 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑانا ممکن ہوگا۔
یہ گاڑی 2023 کے آخر تک صارفین کو دستیاب ہوگی جس کی قیمت 33 ہزار ڈالرز سے زیادہ رکھے جانے کا امکان ہے۔