جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہےکہ کراچی میں پیپلز پارٹی سمیت سب سے بات ہوگی لیکن میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔
لاہور میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی زیرصدارت جماعت اسلامی کا اجلاس ہوا جس میں سراج الحق، امیر العظیم اور حافظ نعیم الرحمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی الیکشن اور اس کے نتائج پربحث کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی کی مزید 9 جیتی ہوئی سیٹوں کا مکمل نتیجہ جماعت اسلامی کے پاس ہے، جب تک ان 9 سیٹوں کا فیصلہ حق میں نہیں آتا، میئر کے چناؤ کی بات آگے نہیں بڑھے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ میئر شپ کے لیے تمام جماعتوں سے بات کرنےکا آپشن موجود ہے،مسلم لیگ ن، آزاد اور دوسری جماعتوں سے بھی بات کی جائےگی، پیپلزپارٹی سے بھی بات کے لیے تیار ہیں لیکن میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔