پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرا ابھی آغاز ہے اور میرے پاس ابھی کرنے کو بہت کچھ ہے۔
نجی یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں سجل علی نے زندگی میں آگے بڑھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس مستقبل میں ابھی کرنے کو بہت کچھ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ مجھے زندگی میں ابھی بہت کچھ کرنا ہے لیکن وقت کم ہے، ہمیں بعض اوقات لگتا ہے کہ ہمارے پاس بہت وقت ہے لیکن ایسا ہوتا نہیں، میں بہت کچھ سیکھنا چاہتی ہوں اور سیکھتی بھی ہوں کیوں کہ مجھے لگتا ہے کہ ابھی میرا آغاز ہے۔
دورا ن انٹرویو سجل نے زندگی میں ملنے والی تکلیف اور اس کے بعد ملنے والی خوشی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خوشی غم انسان کی زندگی کا حصہ ہے اور کوئی بھی انسان یہ نہیں کہہ سکتا کہ ایک تکلیف کے بعد سب آسان ہوگا، زندگی میں اتار چڑھاؤ ہی زندگی کی خوبصورتی ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ اللہ چھوٹی سی تکلیف پر بہترین سے نوازتا ہے جس پر میں پھر سے پرجوش ہوکر اللہ سے مخاطب ہوتی ہوں کہ اللہ پاک آپ نے اتنا کچھ نواز دیا۔