بھارتی ریاست تامل ناڈو میں 28 سالہ ڈاکٹر نے گرل فرینڈ سے جھگڑے کے بعد غصے میں اپنی ہی لگژری گاڑی کو آگ لگادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ ڈاکٹر کیون نے 40 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی اپنی مرسیڈیز بینز کو غصے میں آگ لگادی، تاہم لوگوں نے گاڑی کو لگی آگ دیکھ کر فوراً پولیس کو اطلاع کی۔
رپورٹس کے مطابق کیون نے گزشتہ برس اپنے علاقے کے اسپتال میں نوکری کی، اس کے گزشتہ دو برس سے اپنے ہی کالج کی جونیئر سے تعلقات تھے، واقعہ کے روز دونوں ڈرائیو پر گئے تھے کہ راستے میں ان میں جھگڑا ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ عینی شاہدین کے بیان کے مطابق کیون غصے سے گاڑی سے باہر آیا تو اس کے ہاتھ میں ایک خالی بوتل تھی جس کے اندر اس نے گاڑی سے ہی پیٹرول بھرا، بعدازاں اس نے مرسیڈیز پر چھڑک کر آگ لگادی جب کہ ساتھ کھڑی اس کی دوست کیون کو آگ سے بچاتی رہی۔
تاہم گاڑی پر لگی آگ پر قابو پانے کے لیے تقریباً ایک گھنٹے سے زائد کا وقت لگا، جب کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔