بھارت میں کیش سپلائی کرنے والی کمپنی کا ملازم ایک کروڑ 37 لاکھ بھارتی روپے نقدی لیکر غائب ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں کیش سپلائی سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے ملازم وویک کو بینک میں جمع کرانے کے لیے ایک کروڑ 37 لاکھ روپے دیے گئے، کمپنی ملازم کے ساتھ 4 سکیورٹی گارڈز کو بھی بھیجا گیا۔
ملازم کے ساتھ جانے والے سکیورٹی گارڈز وویک کو بینک کے دروازے سے اندر بھیج کر واپس آگئے لیکن جب وویک واپس نہ آیا تو کمپنی کی جانب سے معلومات لینے کے لیے فون کیا گیا تو اس کا نمبر بند گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب کمپنی کے منیجر نے بینک کے عملے کو فون کر کے رقم سے متعلق معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ ملازم وویک نے رقم جمع ہی نہیں کروائی اور جب معاملے کی انکوائری کے لیے سی سی ٹی وی دیکھی گئی تو پتہ چلا کہ کیش سپلائی کرنے والی کمپنی کا ملازم نقدی لیکر فرار ہو گیا۔
آگرہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دیدی ہے۔