بھارت کے اسٹیٹ بینک میں چوروں نے فلمی انداز اپناتے ہوئے سرنگ کھود کر لاکرز سے تقریباً ایک کروڑ بھارتی روپے (2 کروڑ 73 لاکھ پاکستانی روپے) مالیت کا سونا چرا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں چوری کی ایسی انوکھی واردات کی گئی کہ حکام بھی دنگ رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شپ چوروں نے 10 فٹ طویل سرنگ کھود کر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے لاکرز سے ایک کلو گرام سونا چرا لیا لیکن حیران کن طور پر چوروں نے 35 لاکھ روپے کے کرنسی نوٹوں کو ہاتھ تک نہ لگایا اور صرف سونا لیکر چلے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب اگلی جمعہ بینک کا عملہ دروازے کھول کر اندر داخل ہوا تو لاکرز کھلے دیکھ کر حیران رہ گیا، عملے کی جانب سے فوری طور پر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی اور بینک کی سی سی ٹی وی دیکھی گئی لیکن اس میں بھی چوروں کے بارے میں معلوم نہ ہو سکا۔
پولیس نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کیا تو 10 فٹ طویل سرنگ کا انکشاف ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور میں واقعہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی برانچ 1969 سے قائم ہے جس میں 1997 میں بھی اسی طرز کی چوری ہوئی تھی۔