شاہ رخ کو جلانے کی دھمکی، اداکار کے مداح میدان میں آگئے

 بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں نے کنگ خان کو جلانے کی دھمکی دینے والے پنڈت کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔



شاہ رخ کی فلم پٹھان پر پابندی کے مطالبے کے بعد اب اداکار کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، اس حوالے سے ہندو انتہا پسند پنڈت پرمہنس آچاریہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔


ویڈیو میں ہندو انتہا پسند پنڈت کو بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران فلم پٹھان کے معاملے پر شاہ رخ خان کو دھمکیاں دیتے سنا جا سکتا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے اور وہ تلاش میں ہیں کہ اگر انہیں کہیں جہادی شاہ رخ خان مل جائے تو وہ اسے زندہ جلا دیں گے۔


اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شاہ رخ کے مداح ان کی حمایت میں سامنے آگئے اور مداحوں نے ہندو پنڈت کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کردیا جس کے بعد ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا ۔


رتھن کلیتا نامی صارف نے پنڈت کی دھمکی پر اعتراض کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کیسے کھلم کھلا دھمکی دے رہا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ دیش کو عزت دینے والے کے خلاف بولا ہے، دیش دروہ پر کیس بنتا ہے۔

آئی ایم اونیر نامی صارف نے لکھا کہ اس شخص کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ نفرت انگیز تقاریر کے احتساب کے مکمل فقدان اور اس پر قانون ساز اداروں کا آنکھیں بند کیے رکھنا عجیب لگاجب کہ ایک طالب علم کارکن برسوں سے جیل میں بند ہے ۔

Previous Post Next Post