بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی آنے والی فلم 'ڈنکی' کی سعودی عرب میں شیڈول شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے۔
بدھ کو شاہ رخ خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہیں سعودی عرب میں فلم کی شوٹنگ کے مقام پر کالے رنگ کے کوٹ میں دیکھا گیا۔
شاہ رخ خان نے سعودیہ میں فلم کی شوٹنگ کا حصہ مکمل ہونے کے بعد شاندار مہمان نوازی اور سہولیات فراہم کرنے پر سعودی عرب کی حکومت اور وزارت ثقافت کا شکریہ ادا کیا۔
ویڈیو میں صحرائے عرب میں کھڑے شاہ رخ خان نے کہا کہ ' شوٹنگ کا شیڈول مکمل کرنے سے زیادہ اطمینان بخش کوئی چیز نہیں ہے'۔
انہوں نے فلم کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کے ساتھ ڈنکی میں شامل پوری کاسٹ اور عملے کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ منا بھائی ایم بی بی ایس، تھری ایڈیٹس اور پی کے جیسی فلموں کی ہدایتکاری کرنے والے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا۔
اس فلم میں شاہ رخ کے ہمراہ تاپسی پنو اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔یہ فلم دسمبر 2023 میں ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایک دور میں بالی وڈ پر راج کرنے والے شاہ رخ خان کافی عرصے سے کوئی ہٹ فلم اپنے مداحوں کو نہیں دے سکے ہیں تاہم اب ان کے مداحوں کو شاہ رخ کی آنے والی فلم پٹھان اور ڈنکی کا بے صبری سے انتظار ہے۔