دوست کےکہنےپر لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والا ڈیڑھ لاکھ ڈالرز جیت گیا


 ہیمپٹن: امریکا میں دوست کے اصرار پر پہلی بار پاور بال لاٹری ٹکٹ خریدنے والے ایک شخص نے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کا انعام جیت لیا۔


امریکی ریاست ورجینیا کے شہر ہیمپٹن سے تعلق رکھنے والے ڈینی جانسن نے ورجینیا لاٹری کے عہدے داروں کو بتایا کہ وہ لاٹری کو ہمیشہ سے شک کی نظر سے دیکھتے تھے اور اپنے دوستوں کو بتاتے کہ لاٹریاں وقت اور پیسے کا زیاں ہے۔

ڈینی کا کہنا تھا کہ جب نومبر کے ابتداء میں جیک پاٹ اپنی تاریخی سطح پر پہنچا تب ان کے ایک دوست نے ان پر پاور بال ٹکٹ خریدنے کے لیے زور دیا، لہٰذا انہوں نے ہار مانتے ہوئے 5 نومبر کی قرعہ کے لیے لاٹری کی ویب سائٹ سے ایک ٹکٹ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے قرعہ میں نکلنے والے نمبروں کو دیکھا اور کہا ’میرے کچھ نمبر نکل آئے‘۔ کیوں کہ اس سے قبل انہوں نے کبھی قرعہ میں حصہ نہیں لیا تھا اس لیے ان کو علم نہیں تھا کہ وہ کتنا انعام جیتے۔


پہلی بار لاٹری میں حصہ لینے والے ڈینی کے ٹکٹ کے چار نمبر لگے جس سے وہ 50 ہزار ڈالرز جیتے جو پاور پلے آپشن کی وجہ سے بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا۔

Previous Post Next Post