فیروز خان نے سابقہ اہلیہ کو عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کی پیشکش کردی

 کراچی: اداکار فیروز خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکار نے اپنی سابقہ اہلیہ کو عدالت کے باہر معاملات کو حل کرنے کی پیشکش کی ہے جس کے نتائج مثبت ہیں۔


سوشل میڈیا پر فیروز خان اور علیزے سلطان کے وکلاء کی میڈیا سے گفتگو کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دونوں کو کیس کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔



فیروز خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکار کی جانب سے معاملے کو عدالت کے باہر طے کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جس کے بعد ایک دو سنوائی میں ہی کیس ختم ہو سکتا ہے۔

فیروز خان کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ کچھ رقم کی ہم آفر کریں گے، کچھ وہ بتائیں تو اس طرح باہمی رضا مندی کے ساتھ بچوں کے نان نفقے کے معاملات طے پا جائیں گے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ اگرعلیزے سلطان اور فیملی اس پیشکش پر مان گئے تو ٹھیک ورنہ عدالت میں کیس تو ویسے ہی چل رہا ہے۔

دوسری جانب علیزے سلطان کے وکیل نے کہا کہ فیروز خان کے بچوں کا اسکول میں داخلہ رکا ہوا ہے، دسمبر کا مہینہ شروع ہونے والا ہے، باپ بچوں کا ایڈمیشن نہیں کرواکر دے رہا، ہمارا فیروز سے مؤقف ہے کہ آپ اسکول جاکر بچوں کی ایڈمیشن خود کروادیں ہمیں پیسے نہ دیں لیکن اس کے باوجود نتیجہ بچوں کی تعلیم کا حرج ہے۔


وکیل نے مزید کہا کہ بچوں کی تعلیم اور نان نفقے کا خرچہ والدہ اور ان کے گھر والوں کی جانب سے کیا جارہا ہے جوکہ فیروز خان کی ذمہ داری ہے، 3 مہینے سے کیس چل رہا ہے، 4 ماہ سے بچے کا اسکول شروع ہوگیا ہے لیکن باپ کو کوئی پرواہ نہیں۔

یاد رہے کہ علیزے سلطان نے بچوں کے نان نفقے کے لیے 2 لاکھ روپے ماہانہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ فیروز خان نے اس رقم کی ادائیگی سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں بچوں کے لیے ماہانہ صرف 40 ہزار روپے ہی ادا کر سکتے ہیں۔

Previous Post Next Post