ٹوئٹر میں اب 60 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنا ممکن

 ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد سے ایلون مسک کی جانب سے یہ وعدہ کیا جارہا تھا کہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ویڈیو مواد تیار کرنے والوں کے لیے زیادہ پرکشش بنایا جائے گا۔



یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے 60 منٹ طویل ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔


مگر یہ فیچر ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور ٹوئٹر ویب سائٹ پر ہی استعمال ہوسکے گا، اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ایپ پر یہ فیچر فی الحال دستیاب نہیں۔


اس فیچر سے قبل ٹوئٹر بلیو کے صارفین صرف 10 منٹ طویل ویڈیو ہی اپ لوڈ کرسکتے تھے۔


کمپنی کے سپورٹ پیج میں بتایا گیا کہ ہم اپنے پلیٹ فارم میں اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیوز کا بہترین معیار برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔


اب ٹوئٹر بلیو کے صارفین 2 جی بی تک کی ایسی ویڈیو فائل پوسٹ کرسکیں گے جس کا دورانیہ 60 منٹ تک ہو۔


ابھی یہ واضح نہیں کہ اتنی طویل ویڈیوز میں ٹوئٹر کی جانب سے اشتہارات دکھائے جائیں گے یا نہیں۔


خیال رہے کہ ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس کو دسمبر میں دوبارہ چند ممالک میں متعارف کرایا گیا تھا۔


ابھی کمپنی کی جانب سے آئی او ایس صارفین سے 11 ڈالرز جبکہ ویب صارفین سے 8 ڈالرز ماہانہ فیس لی جارہی ہے۔


ٹوئٹر کی جانب سے بلیو فار بزنس پروگرام بھی متعارف کرایا گیا ہے جو کمپنیوں کے لیے ہے۔

Previous Post Next Post