آئیڈاہو: ماہرین آثارِ قدیمہ نے امریکی ریاست آئیڈاہو میں ہزاروں سال قبل امریکیوں کے زیر استعمال ہتھیاروں کی نوکیں دریافت کیں ہیں۔ یہ کسی بھی برِ اعظم سے دریافت ہونے والے اب تک کے سب سے قدیم ہتھیاروں کی نوکیں ہیں۔
محققین کی ٹیم کے مطابق یہ دریافت ماضی کہ متعلق یہ جاننے میں مدد دے گی کہ امریکا میں ابتدائی انسان کس طرح پتھر کے ہتھیار بناتے تھے اور ان کو کس طرح استعمال کیا جاتا تھا۔
گزشتہ ہفتے جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق محققین کو 13 مکمل اور ٹکڑوں کی صورت میں ہتھیاروں کی تیز دھار 1.3 تا 5 سینٹی میٹر لمبی نوکیں دریافت ہوئی جو اندازاً 15 ہزار 700 سال پُرانی ہیں۔
ان ہتھیاروں کی نوکیں دو مختلف سِروں (ایک سرا دھار والا جبکہ دوسرا سرا سیدھا تھا) کے ساتھ متوازی ڈھلان کی شکل میں تھیں۔
محققین کو شبہ ہے کہ یہ نوکیں ممکنہ طور پر تیر اور برچھیوں کے بجائے ڈارٹس (تیر اور برچھیوں سے چھوٹا ایک ہتھیار) پر لگائی جاتی تھیں۔
سائنس دانوں کے مطابق تازہ ترین دریافتیں اس جگہ سے ملنے والے ایسے ہتھیار کے استعمال کے متعلق شواہد کو 2000 سال مزید پیچھے لے جاتی ہیں۔ تحقیق بتاتی ہے کہ اس وقت کے امریکی اپنے پیچیدہ خیالات ٹیکنالوجی کے ذریعے کس طرح پیش کرتے تھے۔
اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے شریک مصنف لورین ڈیوس نے ایک بیان میں کہا کہ سائنسی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ دریافتیں امریکا کے شروع کے انسانوں کے آثارِ کے متعلق تفصیلات میں اضافہ کریں گی۔
ڈاکٹر لورین ڈیوس کا کہنا تھا کہ یہ کہنا ایک الگ بات ہے کہ ’ہمارا خیال ہے کہ امریکا میں 16 ہزار سال قبل لوگ موجود تھے‘ لیکن ان کی چھوڑی گئی اشیاء کی دریافت سے اس عرصے کی پیمائش کرنا ایک علیحدہ بات ہے۔