فلم ’پٹھان‘ پر بھارتی سینسر بورڈ نے بی جے پی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

 نئی دہلی: فلموں کو نمائش کیلئے سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے بھارتی سرکاری ادارے سی بی ایف سی نے ’پٹھان‘ کے میکرز کو فلم میں مجوزہ تبدیلیاں کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔



بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی نئی فلم کو پہلے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی شدید تنقید اور مخالفت کا سامنا ہے۔


سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کی طرف سے جاری اعلامیے میں ادارے کے چیئرپرسن پراسون جوشی نے فلم ’پٹھان‘ کے گانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

پراسون جوشی کا کہنا تھا کہ فلم کا بہت باریکی کے ساتھ جائزہ لیا گیا ہے اور ہم نے فلم میکرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فلم کی ریلیز سے قبل اس میں ادارے کی طرف سے دی گئی مجوزہ تبدیلیاں کی جائیں۔


انہوں نے کہا کہ سی بی ایف سی ہمیشہ سے تخلیقی اظہار اور عوام میں پائی جانے والی حساسیت میں توازن رکھنے کیلئے پرعزم ہے اور ہم تمام فریقوں کے درمیان مکالمے کے ساتھ مسئلے کا حل نکالتے ہیں۔


ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے فلم کے پہلے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون کے نیم برہنہ زعفرانی لباس پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا اور اسے ہندو کلچر اور مذہب کی توہین قرار دیا گیا تھا۔


فلم ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

Previous Post Next Post