اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ 25 نومبر تک آرمی چیف کی تقرری کا عمل ہوجائے گا، سینئرموسٹ 5 یا 6 نام آئیں گے ان ہی میں سے فائنل ہوجائےگا۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج کے اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرری کا عمل آج سے شروع ہوچکا ہے، انشا اللہ جلد تمام تر آئینی تقاضوں کے مطابق تکمیل ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سمری وزیراعظم ہاؤس ابھی تک نہیں آئی، کل یا پرسوں تک آرمی چیف کے تقرر کی سمری آجائے گی، جب سمری آئے گی تو ساتھ میں ڈوزیئربھی آئے گا، سمری وزارت دفاع سے آئندہ ایک دو روز میں بھجوا دی جائے گی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ آرمی چیف کی تقرری پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے لہٰذا جب سمری آئے گی تو ناموں پر بحث ہوگی جب کہ 25 نومبرتک آرمی چیف کی تقرری کا عمل ہوجائے گا، سینئرموسٹ 5 یا 6 نام آئیں گے ان ہی میں سے فائنل ہوجائےگا، فی الحال اس وقت تک اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں، ان سے ملاقات میں موجودہ حالات پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔