قطر میں فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 کے افتتاحی میچ میں ایکواڈور نے میزبان ملک کو 0-2 سے شکست دے دی۔
میگا ایونٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، 60 ہزار کا گنجائش والا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
میچ کے آٹھویں منٹ میں ایکواڈور کی ٹیم گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچانے میں کامیاب رہی مگر ریفری نے فاؤل کے سبب یہ گول مسترد کردیا۔
ایکواڈور کی جانب سے پہلا گول اُن کے تجربہ کار کھلاڑی اور کپتان اینر ویلنسیا نے 16ویں منٹ میں پنالٹی کک پر بنایا، 31 ویں منٹ میں ایکواڈور نے دوسرا گول کردیا جب اینر ویلنسیا نے ہی پریسیاڈو کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچادی۔
وقفے تک اسکور دو صفر تھا، دوسرے ہاف میں بھی ایکواڈور کا پلڑا بھاری رہا لیکن قطر کی ٹیم نے بھی نسبتاًٍبہتر کھیل پیش کیا۔
اس ہاف میں قطرکو گول کرنے کے دو تین اچھے مواقع بھی ملے مگر وہ ضائع گئے ، دوسری جانب ایکواڈور کی ٹیم اپنے اسکور میں اضافہ نہ کرسکی یوں ورلڈکپ فٹبال کا افتتاحی میچ ایکواڈور کی 0-2 کی فتح پر ختم ہوا۔