انڈونیشیا میں 5.6 شدت کے زلزلےکے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 56 ہوگئی۔
زلزلہ صوبہ مغربی جاوا میں آیا جس کے جھٹکے انڈونیشین دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے۔
یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ویسٹ جاوا کا علاقہ سیانجر تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
گورنر مغربی جاوا کے مطابق زلزلےکے باعث 56 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 700 سے زائد زخمی ہیں اور 300 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں کو زلزلےکے آفٹر شاکس سے بھی خبردار رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زلزلے کے مرکز کے قریب افراد کو محتاط رہنا چاہیے کیونکہ آفٹرشاکس کا خطرہ موجود ہے۔
زلزلے کے جھٹکوں سے جکارتہ میں بھی متعدد عمارات 3 منٹ تک لرزتی رہیں اور کچھ کو خالی بھی کرایا گیا۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا رنگ آف فائر یعنی مسلسل زلزلے اور آتش فشاں کے دھماکوں والے علاقے میں آباد ہے۔
فروری 2022 میں 6.2 شدت کے زلزلے سے مغربی سماٹرا میں 25 افراد ہلاک اور 460 زخمی ہوگئے تھے۔
جنوری 2021 میں صوبے مغربی Sulawesi میں 6.2 شدت کے زلزلے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور ساڑھے 6 ہزار کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
انڈونیشیا میں 2004 میں آنے والی تباہ کن سونامی کے نتیجے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔