پنجابی اسٹیج ڈراموں کے بادشاہ طارق ٹیڈی انتقال کرگئے۔
تھیٹر کی دنیا میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے معروف کامیڈین طارق ٹیڈی آج دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔
طارق ٹیڈی کی عمر صرف 46 برس تھی اور وہ جگر کے عارضے میں مبتلا اور کچھ عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
طارق ٹیڈی نےسوگواران میں ،،بیٹا جنید اور دو بیٹیاں صفا اور مروا کو چھوڑا ہے۔
طارق ٹیڈی نے 1976میں فیصل آباد میں آنکھ کھولی اور 1990سے فنی کیریئرکا آغاز کیا، انہوں نے اپنے برجستہ جملوں کی ادائیگی کے ساتھ تاثرات کا ایسا استعمال کیا کہ سننے اور دیکھنے والا ہنسے بغیر نہ رہ سکا۔
طارق ٹیڈی نے درجنوں تھیٹر ڈراموں میں فن کے جوہر دکھائے، ان کے بہترین ڈراموں میں ماما پاکستانی، سب سے بڑا روپیہ، جی کردا، ایک عید دو چن، اور دوستی شامل ہیں۔ وہ 2004 میں فلم سلاخیں میں بھی نظر آئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر شخصیات نے طارق ٹیڈی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔