سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے فٹ بال ورلڈ کپ کی کوریج کا اعلان کردیا۔
فٹ بال ورلڈ کپ کا آغاز اتوار20 نومبر سے قطر میں ہورہا ہے اور کل افتتاحی میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے قطر اور ایکواڈور کے مابین کھیلا جائے گا۔
دنیا بھر میں لاکھوں شائقین کی طرح ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک بھی فٹبال ورلڈ کپ کے بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں اور انہوں نے ایونٹ کی بھرپور کوریج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ پہلا ورلڈ کپ میچ اتوار کو ہے، جسے ٹوئٹر پر بہترین کوریج کے لیے دیکھیں اور براہ راست کمنٹری سنیں۔
واضح رہے کہ پہلی بار کوئی عرب ملک فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے اور دنیا بھر سے لاکھوں فٹبال فینز عالمی میلے کیلئے قطر کا رخ کررہے ہیں، ٹورنامنٹ میں فرانس عالمی چیمپیئن کے اعزاز کا دفاع کرے گا۔