حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں نے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اتحادی جماعتوں کے قائدین و رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی اور اہم تعیناتیوں کےمعاملے پرمشاورت کی گئی اور وزیراعظم نےاتحادی جماعتوں کے قائدین کواہم تعیناتیوں سے متعلق اعتماد میں لیا۔
دوسری جانب اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارٹی سربراہان اور رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے کہا کہ اللہ نے آپ کو عزت اور منصب سے نوازا ہے، اہم تقرری کرنا آپ کا آئینی حق ہے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی تائید کی اور کہا وزیراعظم جو فیصلہ کریں گے، جے یو آئی ساتھ کھڑی ہے۔
بے اے پی کے خالد مگسی نے بھی کہا کہ آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم کی حمایت کی اور کہا کہ ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔
شاہ زین بگٹی کا کہنا تھاکہ دستور نے آپ کو ذمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے۔
اس کے علاوہ اسلم بھوتانی، محسن داوڑ اور آفتاب شیرپاؤ نے وزیراعظم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لیے باعث فخر ہے۔