گوگل کروم میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی 3 نئے فیچرز متعارف

 گوگل کروم میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی 3 نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔



گوگل کی جانب سے ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔کمپنی کے مطابق یہ تینوں فیچرز گوگل کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔پہلے فیچر سے سے کروم میں گوگل لینس میں ایسی تبدیلی کی گئی ہے تاکہ اسے سرکل ٹو سرچ کے لیے استعمال کیا جاسکے۔گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس فیچر کے تحت جب کروم میں لینس آئیکون کے ٹول پر کلک کرکے ویب پیج پر موجود کسی چیز کو سلیکٹ کیا جائے گا تو سائیڈ پینل پر اس سے متعلق تفصیلات بتائی جائیں گی۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق سائیڈ پینل میں صارفین کلر، برانڈ اور دیگر تفصیلات کے لیے ملٹی سرچ کو استعمال کر سکیں گے اور گوگل جیمنائی کے ذریعے اپنے ذہن میں موجود سوالات کے جواب جان سکیں گے۔کروم میں ٹیب کمپیئر نامی فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس میں متعدد اشیا کی ٹیبز کو ایک ونڈو میں اکٹھا کر دیا جائے گا اور اے آئی کی مدد سے ہر چیز کے بارے میں مختصر وضاحت کی جائے گی۔

یہ فیچر آن لائن خریداری کے لیے مددگار ثابت ہوگا کیونکہ صارفین مختلف کمپنیوں کی چیزوں کی قیمت اور دیگر تفصیلات کو ایک ہی جگہ دیکھ سکیں گے۔تیسرے فیچر کے ذریعے صارفین براؤزر ہسٹری سے ویب پیجز کو زیادہ آسانی سے تلاش کرسکیں گے۔اس کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی ان کی مدد کرے گی۔

یہ تینوں فیچر آنے والے ہفتوں میں سب سے پہلے امریکا میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔گوگل کی جانب سے ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچرز دیگر ممالک میں کب تک متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔

Previous Post Next Post