وارد، وائی ٹرائب اور ورلڈ کال کے بعد ٹیلی نار بھی پاکستان سے نکل گئی

ٹیلی کام کمپنیوں وارد، وائی ٹرائب اور ورلڈ کال کے بعد ٹیلی نار بھی پاکستان سے نکل گئی۔

ٹیلی نار نے 100 فیصد شیئرز پی ٹی سی ایل کو بیچ دیے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیاں اس لیے پاکستان سے نکل رہی ہیں کہ کاروباری ادارے خیرات کی بنیاد پر نہیں چلتے۔


ماہرین نے بتایاکہ کاروبار کا مقصد منافع کمانا ہے، جب منافع سکڑ جائے تو کاروبار قائم نہیں رہتے۔

ماہرین کے مطابق کچھ نہ کچھ بنیادی طور پر ایسا غلط ہوا ہے جس نے ٹیلی کام کمپنیوں کو پاکستان سے سرمایہ سمیٹنے پر مجبور کیا۔

خیال رہے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی معلومات کے مطابق ٹیلی نار پاکستان خریداری کے لیے ناروے کے ٹیلی نار گروپ کو 108 ارب روپے کی بولی دی گئی تھی۔ 

ٹیلی نار پاکستان کے پاکستان میں ساڑھے چار کروڑ سبسکرائبرز ہیں، کمپنی نے ستمبر تک 12 مہینوں میں 112 ارب روپے کمائے تھے۔

خریداری مکمل ہونے سے پی ٹی سی ایل7کروڑ افراد کو موبائل، فکسڈ اور مائیکرو فنانس خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ایزی پیسہ نے بھی بیان جاری کیا ہے کہ ہمارے آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہیں گے، ٹیلی نار ما ئیکرو فنانس بینک اور اس کا فلیگ شپ پروگرام ایزی پیسہ فروخت کا حصہ نہیں ہے۔

Previous Post Next Post