ایس آئی یو ٹی میں طلباءرضاکارانہ پروگرام کی تقریب تقسیم اسناد

کراچی ،30دسمبر2023؁:  سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں  طلباء رضاکار پروگرام کے بیچ 57 میں شریک طلبا ءمیں اسناد تقسیم کرنے  کی تقریب منعقد کی گئی۔ یہ پروگرام ایس آئی یو ٹی نے 2006 میں اسکول کے نہم ، دہم ، انٹر اوراو ، اے لیول کے طلباء کے لیے شروع کیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد   طلباءمیں شہری فرائض کی انجام دہی اور انہیں معاشرے کے لیے  ایک مفید فرد بنانا ہے  ، اس کے ساتھ ساتھ ان میں دوسروں کے دکھ درد بانٹنے کا جذبہ اجاگر  کرنا ہے۔ یہ پروگرام ہر سال گرمیوں اور سردیوں کی تعطیلات کے دوران منعقد کیا جاتا ہےجس میں اب تک کل 6775 طلباء حصہ لے چکے ہیں۔

ایس آئی یو ٹی کے طلباءرضاکارانہ پروگرام کا آغاز اورینٹیشن سیشن سےہوا  ، جس میں والدین بھی شریک ہوئے ۔  اس موقع پر شرکاء کو پورے ہفتے کے دوران ہونے والی  مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ اورایس آئی یو ٹی  کی تمام طبی خدمات، ملک میں واقع  12 سینٹرز اور جدید ترین شعبوں میں مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں بتا یا گیا۔اس کے علاوہ  ایس آئی یو ٹی کے فلسفہ'بلا تفریق مفت و معیاری  علاج عزت نفس  اور جذبہ خدمت کے ساتھ 'پر بھی روشنی ڈالی  گئی۔ کمیونٹی سروسز کا بنیادی اصول  ہمدردی، ایثاراور بے لوث خدمت کرنے کے جذبے پر مبنی ہے۔ اور یہ پروگرام نوجوان نسل کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ دوسروں کے دکھ درد بانٹنا سیکھ سکیں۔اور بنیادی سہولتوں سے  محروم افراد کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے ان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں ۔

اس پروگرام میں طلباءکےلئے      ڈایا لیسز اور  ٹرانسپلانٹ کےبچوں کے ساتھ مختلف سیشن منعقد کیے گئے ،جس میں بچوں  نے اپنی  بیماریوں کے بارے میں بتایا ۔طلباء نے بچوں  سے گفتگو میں گہری دلچسپی لی اور ان کے ساتھ مختلف سرگرمیوں جیسے ان کی لکھائی میں مدد کرنا، ڈرائنگ سکھانا ، گیمزکھیلنا، اور کہانی  سنانا  وغیرہ  میں حصہ لیا ۔ 

دوران تربیت اِن طلباءکو ، خاص طور پر حفظان صحت/انفیکشن کنٹرول،  نرسنگ، خوراک/غذائیت، ڈیجیٹل میڈیاکا مثبت استعمال ،   سماجی خدمات، نیفرالوجی، یورولوجی، اعضاء کا عطیہ و  پیوند کاری، ،بچوں کے دل کی بیماریوں اورطبی اخلاقیات  پر لیکچرز دئیے گئے۔ اس کے علاوہ نرسنگ (بلڈ پریشر، نبض، درجہ حرارت اور دیگر اہم  علامات کی پیمائش کی تربیت)، نیز اسکلز لیب ،  گیسٹرو اینٹرولوجی،ابتدائی طبی امداد، اور  سی پی آر/ریسسیٹیشن کے بارے میں عملی طور پر بتایا گیا ۔پروگرام میں  طلباءکوسکل لیب کے ساتھ ساتھ  لائیو روبوٹک سرجری دیکھنے کے لیے روبوٹک سرجری تھیٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔



تقریب اسناد کے موقع پر  جونیئر اور سینئر رضاکاروں نے اپنی تقاریر میں اظہار خیال کرتے  ہوئے  اس  پروگرام کوان کی  زندگی  میں مثبت تبدیلی لانے والا پروگرام قرار دیا۔ ایس آئی یوٹی کے رضاکارانہ پروگرام کے بارےمیں  والدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر  محترمہ زینب عمران نے ایس آئی یو ٹی کا گیت "آؤ مل کر بانٹیں دکھ ۔۔ سکھ کی بات کریں "پیش کیا جسے شرکا نے بے حد سراہا ۔تقریب کے اختتام پر  شریک رضاکاروں  میں اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پرطلباء ، ان کے والدین، اساتذہ اور ایس آئی یو ٹی کےاسٹاف  بشمول طبی ماہرین کی  بڑی تعداد  نےشرکت کی۔

Previous Post Next Post