الجزائری میڈیا کے مطابق صوبہ خنشلہ کے شہر خنشلہ میں نابینا نوجوان شمس الدین المعروف موکا نے شادی میں شرکت اور غربت کے حوالے سے دوستوں سے شکوہ کیا۔
اس کے بعد دوستوں نے سوشل میڈیا پر اس کی شادی کا دعوت نامہ ڈال دیا جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے عرب دنیا میں پھیل گیا اور اس کی شادی تاریخی بن گئی۔
رپورٹس کے مطابق موکا کی شادی میں خنشلہ شہر کے علاوہ تیونس اور لیبیا سے بھی شہری امڈ آئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ موکا کی شادی میں 10 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، 2 ہزار گاڑیاں، 100 موٹر سائیکلوں، 50 سے زائد گھوڑوں اور 100 مختلف میوزیکل بینڈز بھی شادی میں شریک ہوئے جن میں کئی مقامی طور پر نامی گرامی سمجھے جاتے ہیں۔
شمس الدین کو ناصرف مہنگے بیوٹی سیلون سے تیار کروایا گیا بلکہ شہریوں نے گھر بھی تحائف سے بھر دیا اور کئی نے جوڑے کیلئے ہنی مون ٹرپ کا بھی انتظام کرلیا ہے۔
موکا کی شادی کے بدولت شہر میں تہوار کا سماں بن گیا، شہری روایتی انداز میں رقص کرتے ہوئے موکا کو کاندھوں پر اٹھائے اس کی دلہن لینے پہنچے۔
اس کے علاوہ مہنگی گاڑی سجا کر موکا کو اس میں بھی لے جایا گیا۔
موکا نے بھی اپنی شادی میں ہزاروں افراد کی شرکت پر حیرانی کا اظہار کیا اور ساتھ میں شکریہ بھی ادا کیا۔
الجزائر کے نابینا نوجوان کی شادی نے عرب سوشل میڈیا پر دھوم مچادی اور شادی کی کئی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔