پیوٹن نے بھی ضرورت پڑنے پر کلسٹر بم استعمال کرنے کی دھمکی دیدی

 یوکرین کو امریکا سے کلسٹر ہتھیار ملنے کے بعد روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس کے پاس بھی کلسٹر بموں کا کافی ذخیرہ ہے جو ضرورت پڑنے پر استعمال کریں گے۔



روسی میڈیا سے انٹرویو میں صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے خلاف کلسٹر ہتھیار استعمال کیے گئے تو ہمیں بھی جوابی کارروائی کا حق ہے۔


پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین کو روسی فوج کے خلاف کامیابی نہیں مل رہی،اس لیے امریکا نے یوکرین کو کلسٹر ہتھیار فراہم کیے ہیں۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس کلسٹر ہتھیاروں کے استعمال کو جرم سمجھتا ہے اس لیے بڑی تعداد میں اسلحہ موجود ہونے کے باوجود اس کا کبھی بھی استعمال نہیں کیا گیا۔


واضح رہے کہ کلسٹر بموں کی تباہی اور ہولناکی کی وجہ سے 100 سے زائد ممالک میں کلسٹر ہتھیاروں پر پابندی عائد ہے۔


دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین دونوں کی جانب سے کلسٹر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے، امریکا اور یوکرین نے اقوام متحدہ کے کلسٹر ہتھیاروں کی پیداوار، ذخیرہ اندوزی سمیت دوسری جگہ منتقلی اور استعمال کو روکنے سے متعلق کنونشن پر دستخط نہیں کیے تھے۔

Previous Post Next Post