امریکا میں گرمی نے پرانے ریکارڈ توڑ دیے، خطرناک نئی لہر کی وارننگ

 امریکا میں فلوریڈا سے کیلی فورنیا اور واشنگٹن کی ریاستوں اور ملک کے جنوب مغربی حصے میں گرمی کی شدت نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں جبکہ ملک میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی نئی خطرناک لہر کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔



امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق روز ایری زونا کے شہر فینیکس میں گرمی کی شدت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ 16 دنوں کے دوران پارہ اوسطاً 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،  شہریوں کا چاہیے کہ شدید گرمی میں زندگی کے خطرے کو نظرانداز نہ کیا جائے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کی حالیہ لہر میں کیلی فورنیا کا علاقہ ڈیتھ ویلی گرم ترین علاقوں میں سر فہرست رہا جہاں درجہ حرارت 54 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق سان جاکوئین ویلی، موجاوی ڈیزرٹ اور گریٹ بیسن سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی نے سابقہ ریکارڈ توڑ کر نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں جبکہ لاس ویگاس اور نیواڈا میں اگلے کچھ دنوں تک درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔


دوسری جانب امریکا کی 6 شمال مشرقی ریاستوں پر مشتمل نیو انگلینڈ ریجن میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔


محکمہ موسمیات کی جانب سے نیو انگلینڈ اور مڈ اٹلانٹک کے علاقوں خاص طور پر نیوریارک، بوسٹن اور فلاڈیلفیا سمیت مختلف شہروں میں شدید طوفانی برساتوں کا امکان ظاہرکیا گیا ہے جبکہ شمال مشرقی علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور مڈ سلائیڈ کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔


نیویارک کے گورنر کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز،  سیلابی صورتحال میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اورمحفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

Previous Post Next Post