کراچی میں بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

کراچی: محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کردیا۔



محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو شہر کا مطلع گرم اور مرطوب رہا، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ضلع دادو میں پارہ 43.5، جیکب آباد، بے نظیر آباد اور خیرپور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے تین روز کے دوران موسم جزوی طورپرابرآلود اورمرطوب ہونے کے ساتھ رات و صبح کے اوقات میں بوندا باندی اورہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تین روز کے دوران دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بدستورمعطل رہنے اوربلوچستان کی مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بحال ہوسکتی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 55 سے 65 فیصد ہونے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات عید کے دوسرے روز بھی گرج چمک کےساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی تھی تاہم عید الاضحیٰ کے دوسرے روزشہر کا موسم جزوی ابرآلود ریکارڈ ہوا جبکہ بہادرآباد، طارق روڈ اور صدرسمیت کچھ علاقوں میں بوندا باندی اورپھوار ہوئی۔

Previous Post Next Post