بھارتی شہری ستلج کے سیلابی ریلے میں بہہ کر پاکستان پہنچ گیا

 دریائے ستلج کے سیلابی ریلے میں بہہ کر  ایک بھارتی شہری پاکستان پہنچ گیا۔



پولیس کے مطابق بھارتی شہری سماعت اور گویائی کی قوت سے محروم ہے جسے ایدھی سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔


پولیس تحفظ مرکز قصور کے مطابق انہیں ایک گمشدہ گونگا اور بہرہ آدمی ملا ہےجو اپنا نام و پتا بتانے سے قاصر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے اشاروں میں بتایا کہ وہ بھارتی شہری ہے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر پاکستان آیا ہے۔


حکام کی جانب سے گمشدہ شخص کو تن ڈھانپنے کے لیے کپڑے دیے گئے ہیں اور کھانا بھی کھلایا گیا ہے۔


دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند


دوسری جانب مون سون کی بارشوں کی وجہ سے ایک بار پھر دریائے ستلج کی سطح بلند ہونے لگی ہے اور ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 71604 اور اخراج 62639 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث ہیڈ سلیمانکی اور ضلع بہاولنگرکی حدود میں نچلے درجےکے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔


ریسکیو ذرائع کے مطابق بہاولنگر میں سیلابی پانی سے دریائی پٹی سے ملحقہ درجنوں بستیاں متاثر ہوئی ہیں جب کہ پانی سے پاکپتن میں دریائی پٹی سے ملحقہ علاقے بھی زیر آب آگئے ہیں، زیرآب آنے والے علاقوں میں ریسکیو کا آپریشن جاری ہے، اب تک 6 ہزار 13لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے، حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیکڑوں ایکڑپرکاشت فصلیں تباہ ہوگئیں۔

Previous Post Next Post