سری لنکا تھائی لینڈ سے تعلقات کی خرابی کا باعث بننے والا ہاتھی واپس بھیجے گا

 کولمبو: سری لنکا نے تھائی لینڈ کی جانب سے تحفے میں دیے گئے ہاتھی کو  واپس بھیجنے کی تیاری کر لی۔



غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن حکومت کی جانب سے دو دہائیوں سے بدھا مندر میں رہنے والا ہاتھی اب تھائی لینڈ کو واپس کیا جا رہا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق مندر میں ہاتھی کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی جا رہی تھی جس کی وجہ سے دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات بھی خراب ہو رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کے شاہی خاندان نے 2001 میں موتھو راجہ نامی ہاتھی بطور تحفہ سری لنکن حکومت کو  دیا تھا جسے سری لنکن حکومت نے بعدازاں مذہبی رسومات کے لیے مندر کو دے دیا تھا۔


ادھر جانوروں اور ماحولیات کی ایک تنظیم نے ہاتھی کے ساتھ بدسلوکی کا الزام لگایا تھا کہ اس کی ٹانگ کے زخم کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس پر تھائی حکام نے پچھلے سال ہاتھی کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا اور طبی امداد کے لیے اسے واپس مانگا تھا۔


جس پر مندر نے رضا مندی بھری تھی اور چڑیا گھر کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہاتھی کو ہوائی جہاز کے ذریعے واپس تھائی لینڈ بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

Previous Post Next Post