پنڈی اسلام آباد میں 600 سے زائد غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہونیکا انکشاف


 قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں 600 سے زائد غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہونےکا انکشاف سامنے آیا ہے۔


چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں 150 اور راولپنڈی میں 318 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہیں، فتح جنگ میں بھی 100 کے لگ بھگ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہیں۔


چیئرپرسن قائمہ کمیٹی نے استفسار کیا کہ سی ڈی اے غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف کیا کر رہا ہے؟ سی ڈی اے غیر قانونی سوسائٹیوں کی فہرست جاری کرے، اشتہارکے ذریعے عوام کو غیرقانونی سوسائٹیوں کے بارے آگاہ کیا جائے۔

ممبران قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ چیئرپرسن کمیٹی کا کہنا تھا ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے ماحولیات کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔


ڈی جی پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پی ای پی اے) فرزانہ الطاف شاہ کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے ماحولیاتی رپورٹ طلب کرلی ہیں، ایک ہفتے میں ماحولیات پر پورا نہ اترنے والی لیگل سوسائٹیوں کی این او سی منسوخ کر دی جائے گی۔

Previous Post Next Post