کراچی ڈیفنس میں فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی کے بھائی اور بھتیجے سمیت 3 افراد جاں بحق

 کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔



پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے ڈیفنس میں ویگو گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور مقتول کا بیٹا شامل ہیں۔

بعد ازاں فائرنگ سے زخمی تیسرا شخص بھی دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔


تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی چوتھے شخص کی حالت تشویشناک ہے اور زخمی اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔


پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی اور اطراف میں لگ بھگ 2 درجن سے زائد گولیاں لگیں جب کہ فائرنگ کے واقعے میں الٰہی بخش ابڑو محفوظ رہے۔


ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق گاڑی میں سوار افراد ڈیفنس خیابان شمشیر سے ڈیفنس فیز 7 جارہے تھے جنہیں ایک سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے چاروں طرف سے گھیر کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔


پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے میں 2 قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے، واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم اور بڑے اسلحے کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔


ایس ایس پی جنوبی کے مطابق مقتولین کی گاڑی سے لائسنس یافتہ ایک تیس بور پستول ملا ہے، گاڑی کے اندر سے کوئی فائر نہیں ہوا،  ملزمان نے مقتولین کی گاڑی کی ریکی کررکھی تھی۔

Previous Post Next Post