امریکا کی جنوبی ریاستوں میں شدیدگرمی ، 14 افراد ہلاک ہوگئے،میکسیکومیں100ہلاکتیں

 امریکا کی جنوبی ریاستوں میں گرمی کی شدید لہر سے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔



 امریکی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ گیارہ ہلاکتیں  میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع  ریاست ٹیکساس کی ویب کاؤنٹی میں ہوئی ہیں۔

مذکورہ علاقے میں پچھلے ہفتے  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کی ویب کاؤنٹی کے بگ بینڈ نیشنل پارک میں ہائیکنگ کرتا 14 سال کا لڑکا گرمی سےہلاک ہوگیا تھا جب کہ بیٹے کی مدد کے لیے بگ بینڈ نیشنل پارک  جانے والا والد بھی کارحادثے میں چل بسا۔

امریکی میڈیا کے مطابق گرمی کی شدت سے ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں سڑکوں پر دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔

ٹیکساس کے علاوہ امریکا کی دیگر جنوبی ریاستوں بھی شدیدگرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

ریاست ایری زونا، الباما اور مسی سپی میں شدید گرمی پڑ  رہی ہے، امریکی ماہرین موسمیات  نے امریکا کی جنوبی ریاستوں میں گرمی کی لہر 4 جولائی تک برقرار رہنےکی پیشگوئی کی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ گرمی کی لہر ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔


میکسیکو میں ہیٹ ویو سے 100 سے زائد افراد ہلاک

خیال رہے کہ ٹیکساس سے ملحقہ ملک میکسیکو بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں ہیٹ ویو سے  100 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی وزارت صحت نے گزشتہ ہفتوں سے جاری شدیدگرمی کی لہر کے نتیجے میں اب تک 112 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔


میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ تین ہفتوں سے جاری ہیٹ ویو سے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جس وجہ سے بجلی کی طلب میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جب کہ حکام نے شدید گرمی کی وجہ سے بعض علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

Previous Post Next Post