موبائل گرم کیوں ہوتا ہے؟ اسے ٹھنڈا رکھنے کے طریقے جانیں

 موسم گرما میں صرف اپنی جِلد کو ہی سورج کی شعاعوں سے جھلسنے سے نہیں بچانا چاہیے بلکہ اپنے موبائل کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے جو گرمیوں میں زیادہ تیزی سے گرم ہوتا ہے اور نتیجے میں آپ کو بیٹری کے مسائل اور فون ہینگ ہونے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔



فون ہو یا گاڑی، مسلسل استعمال سے یہ ہیٹ اپ ہوجاتا ہے، فون کا پروسیسر اور گاڑی کی بیٹری بھی انسانوں کی طرح ہے جو سخت گرمی میں سستی کا شکار ہوجاتی ہیں، فون پروسیسر  ایک چپ ہوتا ہے جو ہر موبائل میں ہوتا ہے، موبائل کے فنکشنز کیسے کام کریں، اس کی ذمہ داری پروسیسر کی ہوتی ہے۔


فون گرم کیوں ہوجاتے ہیں؟

فون موسم گرما میں زیادہ جلدی اور تیزی سے گرم ہوتے ہیں، ان کی کئی وجوہات ہیں، تو آئیں جانتے ہیں کہ آپ کو کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ آپ کا فون گرم نہ ہو۔


* سورج کی براہ راست پڑنے والی مسلسل روشنی سے فون جلد گرم ہوجاتا ہے۔


* اگر بیٹری یا چارجنگ کیبل میں مسئلہ ہو، تب بھی فون بہت جلد گرم ہوتا ہے۔


* موبائل پر گھنٹوں گیم کھیلنے سے فون گرم ہوجاتا ہے۔


* کچھ غیر مناسب سیٹنگز کے سبب فون جلد گرم ہوتا ہے، مثال کے طور پر تھری ڈی وال پیپرز یا فون کی برائٹنیس فُل کرنا وغیرہ۔


فون کو گرم کرنے والی بنیادی چیزیں کونسی ہوتی ہیں؟


تین چیزیں فون کو گرم کرسکتی ہیں، ایک اس کی بیٹری، دوسرا سی پی یو اور تیسرا چارجر پورٹ۔


فون کو ٹھنڈا کیسے رکھا جائے؟


* کوشش کریں کہ جتنا ہوسکے فون کو 'کم پاور موڈ' پر رکھیں، اس سے آپ کا فون بالکل گرم نہیں ہوگا۔


* چارجنگ کرتے ہوئے اسے 'آف' کردیں اور چارجنگ پر لگائے ہوئے بالکل استعمال نہ کریں۔


* موسم گرما میں فون کو زیادہ سے زیادہ 20 منٹ تک استعمال کریں، اس کے بعد رکھ دیں، مسلسل استعمال ناصرف فون کو گرم کرے گا بلکہ بیٹری متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ہینگ بھی ہوجائے گا۔


* جس وقت فون استعمال نہ کررہے ہوں تب فون کو 'ائیر پلین موڈ' پر رکھیں۔


* فون کو بار بار چارج کرنے سے گریز کریں۔

Previous Post Next Post