ممبئی: بھارتی فلموں کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کو سندھی زبان سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑ گیا۔
نصیرالدین شاہ کے ایک حالیہ انٹرویو کی کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں اداکار کو پاکستان کی زبان سندھی سے متعلق بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
نصیرالدین شاہ نے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان میں اردو پشتو سرائیکی بلوچی سمیت کئی زبانیں ہیں مگر اب وہاں سندھی زبان نہیں بولی جاتی۔ تاہم اداکار کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے نصیرالدین شاہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی معلومات درست کریں کیونکہ ایسا بلکل نہیں ہے سندھی صوبہ سندھ کی ایسی زبان ہے جو سب سے زیادہ بولی جاتی ہے۔
ایک صارف نے لکھا میں حیران ہوں کہ آپ کو یہ خیال کہاں سے آیا کہ پاکستان میں اب سندھی نہیں بولی جاتی؟
ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ سر آپ سندھ کا دورہ کریں یہاں سندھی زبان عام ہے اور آپ لوگوں کو سندھی بولتا دیکھیں گے۔
ایک صارف نے نصیرالدین شاہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انسان کو کچھ بھی کہنے سے پہلے اس کے بارے میں معلومات حاصل کرلینی چاہیے پاکستان میں قریب 3 کروڑ لوگ سندھی بولتے ہیں۔